اسلام آباد(نیوزڈیسک)ایف آئی اے نے سنگین غداری کیس میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے خط لکھ دیا ،یہ خط سابق وزیراعظم کی لندن میں رہائش گاہ پر پہنچایا جائے گا،شوکت عزیز کے جواب کے بعد بیان ریکارڈ کرنے کے لئے تاریخ اور مقام کا تعین کیا جائے گا،سنگین غداری مقدمے میں تحقیقات رواں ہفتے مکمل کئے جانے کا امکان ہے‘وفاقی حکومت تفصیلات مرتب کر کے رپورٹ اگلے ہفتے خصوصی عدالت کے روبرو پیش کر دے گی ۔ ذرائع کے مطابق سنگین غداری کیس کی تحقیقات کرنے کے لئے ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیاءکی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی نے سابق صدر پرویز مشرف کے بعد اب سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کا بیان ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ اس کے شوکت عزیز کے نام ایک خط لکھا گیا ہے جو وزارت داخلہ کے ذریعے برطانیہ بھجوایا جائے گا جہاں پاکستانی ہائی کمیشن یہ خط شوکت عزیز کی لندن میں رہائش گاہ پر پہنچائے گا۔