اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کی رہنما وحیدہ شاہ کی نااہلی کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ مدت مکمل ہونے پر ختم ہو چکا ہے۔جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے وحیدہ شاہ کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل حشمت حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ان کی موکلہ کو 2 سال کے لئے نااہل کیا، نااہلی کی مدت ختم ہو چکی، اس لئے عدالت عظمٰی فیصلے کے اثرات ختم کرنے کا حکم دے۔جسٹس ثاقب نثار نے درخواست نمٹا تے ہوئے قرار دیا کہ وحیدہ شاہ کی نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ دو سال پورے ہونے پر ختم ہو چکا ہے۔ اس لئے عدالت براہ راست فیصلے کے متعلق کچھ نہیں کہے گی۔واضح رہے کہ 2012 میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 54 میں ضمنی انتخاب کے دوران پیپلز پارٹی کی امیدوار وحیدہ شاہ نے اسِسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر کو تھپڑ مارا تھا جس پر 2 سال کے لئے انہیں نااہل قرار دیا گیا تھا۔