لاہور(نیوز ڈیسک)لاہور میں ماں باپ کے جھگڑے میں معصوم بچے پسائی میں آگئے۔والدین بچوں کو بیچ بازار چھوڑ کر چلے گئے۔کراچی میں بھی شیر خوار بچہ قبرستان کے قریب پایا گیا۔لاہور کے علاقے سمن آباد گول چکر کے فٹ پاتھ پر 3 بچوں زین، احسن اور حسنین کو بے یار و مددگار دیکھ کر مقامی افراد نے انتظامیہ کو اطلاع دی، جس کے بعد مقامی کونسلر نے انہیں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے بعد ماں باپ بچوں کو فٹ پاتھ پر چھوڑ گئے،والدین کا خون سفید ہونے کا ایک اور واقعہ پیش آیا کراچی میں۔ جہاں اورنگی ٹاؤ ن کے پراچا قبرستان کے قریب ایک شیر خوار بچہ ملا،پولیس نے بچے کو اسپتال منتقل کیا جہاں بچے کی حالت قدرے بہتر ہے ،ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ بچے کو جلد ہی فلاحی ادارے کے حوالے کیا جائے گا۔بچے کے والدین کی تلاش جاری ہے۔