اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں ماڈل جیل کی تعمیر کے منصوبے کا پی سی ون سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اورایگزیکٹیو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل سے حتمی منظوری لینے کےلئے وزارت منصوبہ بندی کو ارسال کردیا ۔وزارت داخلہ کی جانب سے بھجوائے گئے دستاویزات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ماڈل جیل کی تعمیر کے لئے اسلام آباد لاہورٹول پلازہ کے قریب جھنگی سیداں میں 720 کنال اراضی کیپیٹل ڈویلپمنٹ اٹھارٹی سے خرید لی گئی ہے، مجاز حکام کی جانب سے پی سی ون کی منظوری کے فوری بعد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا، جیل کی تعمیر کا کام پاکستان پی ڈبلیو ڈی کرے گی، ادارے نے جیل اراضی کی چار دیواری بھی تعمیر کرلی ہے۔اسلام آباد ماڈل جیل پی سی ون کے مطابق اس میں ایک ہزارسے زائد قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہوگی جس میں مختلف بلاکس بنائے جائیں گے۔ جیل میں تعینات حکام اوراہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے کے لئے ٹریننگ سنٹر سمیت قیدیوں کے لئے وکیشنل سنٹر قائم کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2009 میں بنایا گیا تھا تاہم اس پرکام کا آغاز2011 میں شروع ہوا، لیکن مطلوبہ اراضی کے حصول میں تاخیراورفنڈز کی کمی کے باعث مقررہ وقت پر منصوبہ پر کام کا آغازنہ ہوسکا۔