لاہور (نیوزڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے 2018ءکے عام انتخابات کیلئے ہوم ورک کی تیاری شروع کر دی ، پہلے مرحلے میں پارٹی کے دیرینہ رہنماﺅں کو انفرادی طور پر متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کارکنوں کی ناراضی کا سبب بننے والے رہنماﺅں کی سر گرمیاںمحدود کرا دی جائیں گی ۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ملک بھر خصوصاً پنجاب میں پارٹی پوزیشن کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے اور 2018ءمیں ہونے والے انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنا ہوم ورک شروع کردیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پنجاب میں پارٹی کو از سر نو فعال کرنے کےلئے پہلے مرحلے میں پارٹی کے دیرینہ رہنماﺅں کو کردار ادا کرنے اوربطور اپوزیشن مقامی سطح پر بھی مسائل پر بھرپور آواز اٹھانے کی ہدایات دی جائیں گی ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ کارکنوں کی ناراضی کا سبب بننے والے رہنماﺅں کی سر گرمیاں محدود کرا دی جائیں گی ۔ رہنماﺅں کو ہوم ورک کی مکمل تیاری کے بعد جلد ہی احکامات جاری کئے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔