واشنگٹن(نیوزڈیسک)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے افغانستان فرار ہونیوالے دہشتگردوں کو روکنے کیلئے سرحد پر سخت نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے ہمیشہ تعاون کیا افغانستان نے ضرب عضب کے سلسلہ میں تعاون نہیں کیا ۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے دورے کے حوالے سے واشنگٹن آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ خطے کی سیکیورٹی بہت اہمیت کی حامل ہے پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے ہمیشہ تعاون کیا ہے ہم نے آپریشن ضرب عضب سے پہلے ہی بتادیاتھا کہ آپریشن کے نتیجہ میں دہشتگرد افغانستان فرار ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کو فرار ہوکرسرحد پار جانے سے روکنے کیلئے پاک افغان سرحد پر سخت نگرانی کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ افغانستان نے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے پاکستان کیساتھ تعاون نہیں کیا افغان حکومت کو اس سلسلہ میں اقدامات کرناچاہیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کوششوں کی حمایت کرتارہیگا امریکہ میں آرمی چیف سول وعسکری قیادت سے ملاقاتیں کرینگے وہ امریکی وزیرخارجہ سے ملیں گے انہوں نے کہاکہ بدلتے ہوئے علاقائی حالات میں آرمی چیف کا دورہ امریکہ اہم ہے دورے میں علاقائی سیکیورٹی استحکام پر بات ہوگی جبکہ بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیاجائیگا۔