اسلام آباد (نیوزڈیسک)وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کو جغرافیائی یا سرحدی معاملے کے طور پر نہیں دیکھتا بلکہ یہ 1947ءکی تقسیم کا نا مکمل ایجنڈا ہے ¾ کشمیریوں کی اخلاقی ¾ سیاسی اور سفارتی جدو جہد جاری رہے گی ۔انہوں نے یہ بات سینئر حریت رہنما اور دختران ملت کی چیئرپرسن سیدہ آسیہ اندرابی کے خط کے جواب میںکہی۔اپنے خط میںوزیراعظم نے کشمیریوں کی اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے حوالے سے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔اقوام متحدہ کی قراردادیں غیر موثر ہونے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ طویل عرصے سے عملدرآمد نہ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ قراردادیں غیر موثر ہو گئی ہیں۔نوازشریف نے کشمیری عوام کی جدوجہد کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔نوازشریف کے کشمیری لیڈر کو خط نے بھارت کو مزید مرچیں لگادیں،بھارتی میڈیا میں نوازشریف کے کشمیر کے بارے میں بیان کو شدید تنقید کانشانہ بنایاجارہاہے۔