گوجرانوالہ(آئی این پی) فیصل آباد کے بعد بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مر حلے میں بھی گوجرانوالہ میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)تقسیم ہو گئی۔وزیر تجارت خرم دستگیر اور وزیر مملکت کیڈ عثمان ابراہیم گوجرانوالہ میں مئیر شپ کے انتخاب میں اپنے اپنے امیدواروں کی حمایت کیلئے سرگرم ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر مملکت کیڈ عثمان ابراہیم اپنے بھائی اسلم ابراہیم کو گوجرانوالہ کا مئیر بنانا چاہتے ہیں جبکہ وزیر تجارت خرم دستگیر انکے مخالف ہیں اور انکے مقابلے میں اپنے حمایت یافتہ امیدوا رکی کامیابی کیلئے سرگر م ہیں ،مگر دونوں وزراء اپنے اختلافات کو میڈیا پر لا نا نہیں چاہتے اور اکثر میڈیا پر گوجرانوالہ میں مئیر شپ کے لئے اختلافات کو رد کر تے رہے ہیں، تاہم اندرونی طور پر دونوں گروپوںکے درمیان سرد جنگ جاری ہے ۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر تے ہوئے وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ میرے عثمان ابراہیم سے کوئی اختلافات نہیں ہیں مگر ان کے دیئے ہوئے کچھ پرانے زخم ضرور موجود ہیں،انہوں نے کہا گوجرانوالہ سے مسلم لیگ (ن)کلین سویپ کر ے گی اور 50سے 60سیٹیں حاصل کر نے میں کامیاب ہوجائے گی۔وفاقی وزیر نے میئر شپ پر اختلافات پر کسی بھی قسم کی بات کر نے سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب وزیر مملکت کیڈ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے اپنے بھائی اسلم ابراہیم کو چیئر مین کا امیدوار نامز د کر دیا ہے اور اپنے بھائی کو جتوانے کیلئے بیک ڈور بھر پور سر گرمیوں میں مصروف ہیں۔دوسری جانب حکمران جماعت رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیررانا نذیر کے بیٹے بر سٹر عامر نذیر ضلع کونسل کے چیئر مین کا نتخاب لڑ رہے ہیں اور اس حوالے سے انہیں اپنی اعلیٰ قیادت کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔