لاہور(نیوزڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ قرضوں کی بنیاد پر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا،طرز حکمرانی کو بہتر بنانے اور کرپشن پر قابو پانےکی ضرورت ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پیرس میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی اور اس پردلی دکھ کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھاکہ غیرترقیاتی اخراجات میں موجودہ اور سابق حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں، راہداری منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے بلوچستان میں امن اور بلوچوں میں احساس کمتری کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ افغانستان کو بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی ،افغانستان میں حالات خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے، ایک پریس ریلیز کو اتنا سیریس لینے کی ضرورت نہ تھی۔