ٹوکیو(آئی این پی ) جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو میں 7.0 شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے ایک فٹ بلند سونامی کی لہریں پیدا ہوئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو کے ساحل پر علی الصبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ زلزلہ سے ایک فٹ تک سونامی کی لہریں پیدا ہوئیں تاہم ساحلی علاقوں سمیت کہیں نقصان نہیں ہوا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ صفر ریکارڈ کی گئی اور زلزلہ کا مرکز سمندر میں 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا، زلزلے کے بعد کسی نقصان کا جائزہ لینے کے لئے سینڈائی نامی جوہری پلانٹ کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ جاپان میں 2011 میں آنے والے 9 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی آگیا تھا جس سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے تھے جبکہ جوہری بجلی گھروں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔