واشنگٹن(آئی این پی )امریکہ نے تمباکو نوشی کے باعث ملک میں بڑھتی ہوئی اموات کے پیش نظر گھروں میں سگریٹ پینے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ۔ ہیلتھ ٹائمز ڈاٹ کام میں شائع خبر میں بتایا گیا ہے ڈیپارٹمنٹ آف ہاسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ نے ایک قانون میں پیش کش کی ہے کہ ملک بھر میں شہریوں کے گھروں میں تمباکو نوشی پر پابندی عائد کی جائے گی ۔ تجویز میں استعمال شدہ تمباکو کے از سر نو استعمال کے نقصانات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تمباکو نوشی کے مضر اثرات صرف سموکر تک ہی محدود نہیں رہتے بلکہ اس کے اس کے پاس موجود خواتین اور بچے وغیرہ بھی متاثر ہوتے ہیں ۔ قانونی تجویز کے پیش نظر امریکی سرجن جنرل نے بتایا ہے کہ سالانہ 41000سے زائد تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد بھی اس کی وجہ سے ہلاک ہو جاتے ہیں ۔ایک اندازے کے مطابق اگر قانون کا نفاذ ہو جاتا ہے تو 70,000سے زائد ایسے گھرانے متاثر ہوں گے جہاں تمباکونوشی کی جاتی ہے ۔ شہریوں کو قانونی تجویز پر رائے زنی کے لئے 2ماہ کا وقت دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب ہاسنگ ایجنسیوں کے پاس تمباکو نوشی سے آزاد پالیسیوں کو پوری طرح سے اختیار کرنے کے لئے تجویز کے قانون بننے کی حتمی تاریخ سے 18ماہ کا وقت مہیا ہو گا ۔