ماتلی (نیوزڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اوربلاول بھٹو زرداری میں ٹھن گئی، عمران خان نے بلاول بھٹو زرداری کو ’’بیٹا‘‘ اور’’بے بی‘‘ قرار دیتے ہوئے اپنی شاگردی میں سیاست سیکھنے کی دعوت دے دی جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو’’چا چاعمران‘‘ کا لقب دیتے ہوئے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عمر کوٹ میں جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری کو ’’بیٹابلاول‘‘ کہہ کر پکارتے ہوئے انہیں دعوت دی تھی کہ آؤ میں تمہیں سیاست کرنا اور لیڈر بننا سکھاتا ہوں۔ بعد ازاں عمران خان نے ماتلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کو ’’بے بی‘‘قرار دیا اور کہا کہ والدہ کی تصویر پر سیاست نہیں ہوتی۔ واضح رہے کہ ترجمان بلاول ہاؤس نے بھی عمران خان کے بیان پر سخت رد عمل دیتے ہوئے انہیں ’’چاچاعمران خان‘‘ مخاطب ہوئے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا مشورہ دیا تھا۔