کراچی(نیوزڈیسک)شاہین ایئرلائن حادثے کی ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ پائلٹ تھکاوٹ کا شکار اور نشے کی حالت میں تھا جس کی وجہ سے مسافر طیارہ رن وے سے اتر کر کچے میں پہنچ گیا تھا۔ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن امجدعلی طور کی زیرصدارت کراچی میں اجلاس ہوا جس میں پی آئی اے، شاہین اور انڈس ایئرلائنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایئرلائنز کو بہتر بنانے اور پائلٹوں کی جانب سے سستی کا مظاہرہ کرنے کے حوالے سے امور پر بات کی گئی۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں حادثے کا شکار ہونے والے شاہین ایئرلائن طیارے کے پائلٹ کی میڈیکل رپورٹ پر بھی بات ہوئی جس کے مطابق حادثے کے وقت پائلٹ تھکاوٹ کا شکار تھا جو آرام کئے بغیر جہاز اڑا رہا تھا , پائلٹ نشے کی حالت میں بھی تھاترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق شاہین ایئر کے طیارے کے حادثے کی حتمی رپورٹ فائنل نہیں ہوئی تاہم ایئرلائنز حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ پائلٹس تندرست ہوں اور انہوں نے آرام کا وقت مکمل کیا ہو , شاہین ایئرلائن طیارے کے پائلٹ کی میڈیکل رپورٹ میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ پائلٹ نے مکمل آرام نہیں کیا تھا جس کے باعث مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔واضح رہے کہ 3 نومبر کو کراچی سے لاہور جانے والے مسافر طیارے میں 112 مسافر سوار تھے جو اچانک لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر کر کچے میں چلا گیا تھا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن حکام نے طیارے کو ناقابل پرواز قرار دے دیا تھا۔