اسلام آباد(نیوزڈیسک) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کا کہنا ہےکہ حکومت کی گورننس سے بہت مایوس ہوں لیکن آئی ایس پی آر کو ایسا بیان جاری کرنے کا کوئی حق نہیں لہٰذا جب آرمی چیف کو بلایا جاتا ہے وہ تب وزیراعظم سے بات کریں۔چیرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت سینیٹ کے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ میں حکومت کی گورننس سے بہت مایوس ہوں لیکن آئی ایس پی آر کو ایسا بیان جاری کرنے کا کوئی حق نہیں لہٰذا جب آرمی چیف کو بلایا جاتا ہے وہ تب وزیراعظم سے بات کریں۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں حکومت کے ساتھ کھڑا ہوں اور جب بھی مشکل وقت آئے گا ہم اور اپوزیشن ہی ساتھ کھڑے ہوں گے۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر ساجد میر نے کہا کہ گورننس کو ٹھیک کرنا سول حکومت اور اداروں کا کام ہے، فوج کو سول حکومت کا نگراں نہیں بننا چاہیے۔ (ن) لیگ کے سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ آئین کی حفاظت سب کی ذمہ داری ہے، مستقبل میں سب کو آئین کے تحت کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ادارے آئینی ڈومین سے باہو ہوجاتے ہیں جب کہ پارلیمنٹ کو تختہ مشق بنانا آسان ہوتا ہے۔اجلاس سے خطاب میں چیرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ جتنی مضبوط ہوگی آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی جب کہ حکومت کو تجویز دیتا ہوں کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جلد بلایا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کور کمانڈر کانفرنس کے بعد آئی ایس پی آر کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں ملک میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے گورننس بہتر بنانے پر زور دیا گیا تھا جب کہ ترجمان پاک فوج کے بیان کے بعد حکومت کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا تھا جس میں گزشتہ 2 سال کی حکومتی کارکردگی اور سیاسی ہم آہنگی کے ذریعے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بات کی گئی تھی۔