اسلام آباد (نیوزڈیسک)رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں بھی بارش اوربرف باری ہو گی۔ محکمہ موسمیات نے بدھ سے جمعہ کے دوران خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان (کوئٹہ، ژوب ، سبی ڈویژن)، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل اباد ڈویژن)، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشنگوئی کی ہے۔ اس دوران بالائی خیبرپختونخوا اور فاٹا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، ژوب، کوئٹہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، بالائی فاٹا (باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم ایجنسیز)، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم مالاکنڈ، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ ڈویژن، بالائی فاٹا اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں 09 ملی میٹر جبکہ مظفرآباد، گڑھی دوپٹہ، مالم جبہ06، دیر، کوئٹہ05، راولاکوٹ، بالاکوٹ04، کاکول، کوٹلی02، سیدوشریف، چراٹ، پٹن اور مری میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پیر کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت قلات اور پاراچنار میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا۔ادھر حالیہ بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم کی انگڑائی سے جڑواں شہروں راولپنڈی/اسلام آباد میں ایندھن کے لئے لکڑی اور کوئلے کے استعمال میں اضافہ ہو گیا۔ لکڑی کے ٹالوں پر مختلف اقسام کی لکڑی اور کوئلے کی مانگ میں غیر معمولی اضافے کے باعث ٹال مالکان نے لکڑی کے دام بڑھا دیئے ہیں۔