اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان کو منفی موسمیاتی تبدیلیوں سے تقریباً 20 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستان ا ن ممالک میں سے ہے جو پچھلے چند سالوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہوئے، جبکہ موسم کے بڑھتے ہوئے اثرات سے بچنے کے لیے اس کے پاس، تکنیکی اور مالیاتی وسائل کی بھی کمی ہے۔حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ ملک کےلئے اس وقت سب سے بڑا ٹاسک یہ ہے کہ وہ خود کو ان موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کے قابل بنائے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رائے حسن نواز خان کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اٹھائے گئے سوال کے تحریری جواب میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کی طرف سے کہا گیا کہ ساحلی اور سمندری ماحول، خشک زمین کا ایکو سسٹم، زراعت، لائیواسٹاک، جنگلات اور صحت کے شعبے حالیہ چند برسوں میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہوئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے جواب میں کہا گیا کہ ان تبدیلیوں سے ملک کو خوراک، پانی اور توانائی کی کمی کا بھی سامنا ہے۔