اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیرمملکت برائے پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمد نے کہاہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میں رنگ روڈ کی تعمیرکی تجویز وزیراعظم کے سامنے رکھی جائے گی، ٹریفک کا دباﺅ بڑھ رہا ہے‘ زیرو پوائنٹ سے روات سگنل فری سڑک بنائی جائے گی‘ راولپنڈی کے گرد رنگ روڈ کا منصوبہ بھی ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔ پیر کو سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر چودھری تنویر کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ سڑکیں ملکی ترقی کے لئے اہم ہیں‘ حکومت کو اس صورتحال کا ادراک ہے کہ جڑواں شہروں میں ٹریفک کا رش اور بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرو پوائنٹ سے روات تک سگنل فری سڑک بنائی جارہی ہے جب یہ سڑک بن جائے گی تو روات راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہائی وے بھی سگنل فری سڑک بن چکی ہے۔ ہمیں راولپنڈی کے اردگرد رنگ روڈ کی اشد ضرورت ہے حکومت یہ منصوبہ ترجیحی بنیاد پر مکمل کرے گی۔اس سے قبل چودھری تنویر نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں ٹریفک تیزی سے بڑھ رہی ہے اور بے ہنگم ہورہی ہے آئی جے پی اور جی ٹی روڈ پر شدیددباﺅ ہے فوری طورپررنگ روڈ کامنصوبہ مکمل کیاجائے۔ سینیٹرجنرل(ر)عبدالقیوم نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ رنگ روڈ کا منصوبہ جڑواں شہروں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جلدازجلد بنانے کی ضرورت ہے۔سینیٹرمیرکبیرنے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ حکومت تمام بڑے شہروں میں رنگ روڈ بناکرٹریفک پلان کو بہتر کرے اور ٹریفک مسائل حل کرے۔