اسلام آباد(نیوزڈیسک)حکمران ن لیگ کی وفاقی حکومت نے ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے عوامی روزگار پروگرام کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ حکمران لیگ کی اعلی قیادت نے طویل مشاورت کے بعد کیا ہے۔وزیراعظم عوامی روزگار پروگرام لوگوں کو روزگار فراہم کے لیے سب سے بڑا پیکیج ہوگا۔جس سے کم و بیش 5 سے 7 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ مسلم لیگ(ن) کے اہم ترین ذرائع کے مطابق حکمران لیگ کی مرکزی قیادت نے وزیر اعظم کو تجویز دی تھی کہ کسان پیکیج، توانائی منصوبوں کے بعد اب عوام کے دیرینہ مسئلے روزگار کی فراہمی کے لیے کوئی بڑا پیکیج دیا جائے۔وزیراعظم نواز شریف نے اس تجویز پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے اور اس پیکیج کی تیاری کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں جلد ایک اعلی سطح کی کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ،چاروں صوبائی، گلگت بلتستان حکومتوں کے نمائندے اور دیگر اعلی حکام شامل ہوں گے۔