اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں پارٹی رہنماوں کے خلاف شکایات کی تحقیقات کے لئے قائم کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیدی ہے جس کی روشنی میں کوہاٹ سے رکن صوبائی اسمبلی امجد آفریدی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا ہے جبکہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی اور رکن صوبائی اسمبلی ضیاءاللہ بنگش کی سخت سرزنش کی گئی ہے۔ مانسہرہ میں پارٹی مفادات کے تحفظ میں ناکامی پر اعظم سواتی کو بھی تنبیہ جاری کی گئی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ اعظم سواتی کو آئندہ مقامی سطح پر پارٹی معاملات کے حوالے سے کوئی ذمہ داری نہ سونپی جائے۔ کمیٹی نے کونسلرز کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر رکن صوبائی اسمبلی یاسین خلیل کو آئندہ کے لئے حکومتی اور جماعتی عہدے کے لئے نااہل قراردیدیا ہے اور پشاور میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے رکن صوبائی اسمبلی عارف یوسف کو بھی سخت تنبیہ جاری کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی رہنماؤں کے خلاف شکایات کی تحقیقات کے لئے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کی تھی جس کی سفارشات پارٹی چیئرمین نے منظور کر لی ہیں۔