کراچی(نیوز ڈیسک)پیپلزپارٹی کو سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا جھٹکا لگا ہے اور اسے اپنے گڑھ لیاری سے کئی نشستوں پر کوئی امیدوار نہیں مل سکا۔ پیپلزپارٹی کو اپنے گڑھ لیاری میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کوئی امیدوار نہیں مل سکا جب کہ دور آمریت میں بھی لیاری پیپلزپارٹی کا گڑھ بن کر سامنے آیا تھا تاہم اب اسے بلدیاتی انتخابات کے لئے ٹکٹ دینے کے لئے کوئی جیالا نہیں ملا اور چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلر اور یونین کمیٹی کے لئے آزاد امیدوار میدان میں آئے ہیں۔ جن نشستوں پر پیپلزپارٹی کے امیدوار سامنے آئے ہیں ان پر مخالف جماعتوں کے ساتھ سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔پیپلزپارٹی کو لیاری سے 7 یونین کمیٹی پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کا کوئی امیدوار نہیں ملا جب کہ وارڈ کونسلر کی 39 نشستوں پر کوئی جیالا امیدوار میدان میں نہیں اور یونین کمیٹی 6 موسی لین، یونین کمیٹی 5 کھڈہ میمن سوسائٹی، یونین کمیٹی 3 اور یو سی 4 نوا آباد سے پیپلزپارٹی کا کوئی امیدار انتخابی دوڑ میں نہیں۔ لیاری سے منتخب ہونے والے پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی جاوید ناگوری کو کابینہ سے الگ کئے جانے کے باعث پارٹی کو لیاری میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے۔