لاہور( نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے کارکنوں کے قاتلوں کو پنجاب حکومت کی پشت پناہی حاصل ہے ،ان واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے سزا نہ دی گئی تو بھرپور احتجاج کریں گے ،(ن) لیگ ہماری جدوجہد سے خوفزدہ ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے لیکن ہم حق کی راہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اپنے مذمتی ایک بیان اور انٹر ویو میں عمران خان نے کہا کہ کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کارکنوں پر حکمران قاتل لیگ کے غنڈوں کا مسلح حملہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ پنجاب حکومت اور پولیس سے مطالبہ ہے کہ عبد الحی اور محمد حیات کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے ۔ اگر کارکنوں کے قاتلوں کو سزا نہ دی گئی تو بھرپور احتجاج کریں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے جس سے (ن) لیگ خوفزدہ ہے لیکن ہم اس کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اوراس کا میدان میں رہ کر سیاسی طور پر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نہتے کارکنوں کے قتل میں ملوث مجرموں کو حکومت کی پشت پناہی حاصل ہے ۔ پی ٹی آئی حق کی راہ پر ہے انشا اللہ ہم اپنی جدوجہد کامیابی کے حصول تک جاری رکھیں گے۔