پشاور(نیوزڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے باچا خان مرکز میں نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کا کنونشن ہوا جس میں پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کے علاوہ دیگر مرکزی اور صوبائی رہنما شریک ہوئے۔ کنونشن میں شریک نوجوان پارٹی ترانوں پر رقص کر کے اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے رہے۔اسفند یار ولی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر خوب تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اکنامک کاریڈور کے مغربی حصے کو پہلے بنانے کا اعلان کیا لیکن اب وہ اس سے پھر گئے ہیں جب تک اس وعدے پر عمل نہیں ہوتا اے این پی کسی حکومتی اے پی سی میں شریک نہیں ہو گی۔اسفند یار ولی خیبر پختونخوا حکومت اور تحریک انصاف کے قائد عمران خان پر بھی تنقید کرنا نہ بھولے۔ انکا کہنا تھا کہ کپتان صوبائی احتساب کمیشن کو نان پولیٹیکل کہتے ہیں لیکن اسے سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اے این پی کے قائد نے صوبائی حکومت سے نالاں ڈاکٹروں کا انکے احتجاج میں ساتھ دینے کا بھی اعلان کیا۔اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرینگے اے این پی انکا ساتھ دے گی۔