لاہور( نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ق) کی قیادت کی طرف سے سردار ایاز صادق کو بلا مقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب کرانے کیلئے بھرپور کاوشیں سامنے آئی ہیں،چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کی طرف سے پی ٹی آئی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کئے جارہے ۔ مسلم لیگ (ق) کا موقف ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے اس لئے یہ انتخاب بلا مقابلہ ہونا چاہیے ۔ جمہوریت کی مضبوطی اور بقاءکے لئے ضروری ہے کہ اس عہدے پر بلا مقابلہ انتخاب ہو ۔ بتایاگیا ہے کہ چوہدری پرویزالٰہی کی طرف سے پاکستان پیپلزپارٹی ، جے آئی (ف) سے رابطے کئے گئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے رہنماﺅں سے بھی رابطہ کر کے انہیں اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب بلا مقابلہ ہونے دینے کے لئے قائل کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ مزید بتایا یا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے بھی ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ سے رابطے کئے جارہے ہیں۔باوجود اس کے کہ مسلم لیگ (ق) کا موقف ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے اس لئے یہ انتخاب بلا مقابلہ ہونا چاہیے ،سیاسی حلقوں میں ق لیگ کی جانب سے ن لیگ کے امیدوار کے لئے مہم چلانے پر چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں بعض لوگ اسے آئندہ انتخابات کی نئی پیش بندیاں قرار دے رہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ آئندہ انتخابا ت سے قبل مسلم لیگ بڑی حد تک متحد ہوجائے گی۔شدید ترین اختلافات کے باوجود کسی بھی قسم کا جواز بناکر ایاز صادق کی حمایت کے لئے کی جانیوالی کوششوں پر حیرانگی کا اظہار کیاجارہاہے۔