اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے اپنے اوپر عائد الزامات کو جھوٹ قرار دیکر قران پاک پر حلف کی ویڈیو پارٹی چیئرمین عمران خان کو بھجوا دی۔فیاض الحسن چوہان نے پارٹی سے برطرفی کا ذمہ دار شیخ رشید کو قرار دیدیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چند روز قبل پارٹی رہنما فیاض الحسن چوہان کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عہدے سے برطرف کردیا تھا۔ان پر الزام تھا کہ انہوں نے این اے 54 میں پانچ پانچ لاکھ روپے لیکر چار لوگوں کو بلدیاتی ٹکٹ جاری کیے۔ فیاض الحسن چوہان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پارٹی چیئرمین نے انہیں سنے بغیر الزامات کوسچ مان کر ان کی برطرفی کا فیصلہ دیدیا۔فیا ض الحسن چوہان نے اپنی برطرفی کو سازش قراردیتے ہوئے اس کا ذمہ دار مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید کو قرار دیا ہے۔ فیاض الحسن نے ان امیدواروں کے حلف کی ویڈیو بھی عمران خان کو بھجوائی ہے جن سے پیسے لینے کا ان پر الزام ہے۔ برطرف رہنما نے توقع کی ہے عمران خان ویڈیو بیان سن کر اب انہیں بلاکر حقائق تک پہنچیں گے۔