اسلام آباد(نیوز ڈیسک)تحریک انصاف اسلام آباد کے برطرف آرگنائزر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان نے شیخ رشید کے کہنے پر مجھے پارٹی عہدے سے برطرف کیا۔تحریک انصاف اسلام آباد کے برطرف آرگنائزر فیاض الحسن چوہان نے اپنے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ مجھ پر شیخ رشید جیسے گھٹیا آدمی نے بے بنیاد الزام لگایا اور کہا گیا میں نے ٹکٹ کے لئے امیدواروں سے پانچ پانچ لاکھ روپے طے کئے، عمران خان نے میرا موقف سنے بغیر ہی فیصلہ سنادیا۔ شیخ رشید نے این اے 56 میں پی ٹی آئی کی سیاست کوتباہ کیا۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹ کی فروخت کا سوچا بھی نہیں، وہ قرآن پاک پر حلف دیتے ہیں کہ اگر یہ الزام درست ہو تو ان کی دونوں بیویوں کو طلاق ہوجائے اور اللہ انہیں ایمان کی موت نہ دے۔ عمران خان ملنے کاموقع دیں تو سب واضح کردیں گے۔ امید ہے کہ عمران خان اس پیغام کے بعد ضرور ملیں گے اور ان کا موقف سنیں گے۔واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان کو پارٹی ٹکٹ کی فروخت کے الزام پر ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا