پشاور(نیوزڈیسک) یوم اقبال کے سلسلے خیبر پختون خوا حکومت نے صوبے بھر میں پیر کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ سے اس کیلئے درخواست کی تھی۔ خیبر پی کے حکومت کے ذرائع کے مطابق پیر کو صوبے میں سرکاری محکمے اور سکولوں سمیت تمام تعلیم ادارے بند رہیں گے۔ اس بارے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے تاہم صوبے میں موجود وفاقی ادارے بدستور کھلے رہیں گے کیونکہ وفاقی حکومت نے یوم اقبال کے موقع پر تعطیل کا اعلان نہیں کیا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے علامہ اقبال کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے خیبر پختونخواہ حکومت کو 9 نومبر کے دن چھٹی دینے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال پاکستان کی تاریخ میں ایک عظیم شخصیت کے نام سے جانے جاتے ہیں اور اس حوالے سے یہ بات ضروری ہے کہ ہم آنے والی نسل کو بھی ان کی اہمیت سے باور کرائیں۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے اقبال ڈے کو چھٹی نہ دینے کا اعلان کیا تھا جس پر وکلاء سمیت مختلف حلقوں نے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔مبصرین کا اس حوالے سے کہناہے کہ اقبال جیسی شخصیت کی اہمیت زیادہ سے زیادہ نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت ہے جبکہ حکومت اس کے برعکس اس حوالے سے کچھ بھی نہیں کر رہی۔