لاہور(نیوزڈیسک)لاہور سمیت پنجاب بھر کی عدالتوں میںاقبال ڈے کی قومی چھٹی منسوخ کرنے پر ہڑتال کی کال پر وکلاءتنظیمیں اختلافات کا شکار ہو گئیں، پنجاب بار کونسل اور لاہور بار نے 9نو مبر کو چھٹی منسوخی پر ہڑتال کا اعلان کر دیا جبکہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں لاہور ہائیکورٹ نے نو نومبر کی قومی تعطیل منسوخ کر دی ہے جس کیخلاف پنجاب بار کونسل نے صوبے بھر میں عدالتوں میں ہڑتال کرنے اور مقدمات میں پیش نہ ہونے کااعلان کیا ہے، وائس چیئرپرسن پنجاب بار فرح اعجاز بیگ کا کہنا ہے کہ وکلاءنو نومبر کو عدالتوں کابائیکاٹ کرینگے اور عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے، اقبال ڈے کو روایات کے مطابق منایا جائیگا، اقبال ڈے کی قومی تعطیل ختم کرنے کی مذمت کرتے ہیں، لاہور بار ایسوسی ایشن نے بھی پنجاب بار کی ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے، صدر لاہور بار اشتیاق اے خان کہتے ہیں کہ حکومت نے اقبال ڈے کی چھٹی منسوخ کر کے قومی نظریات کی نفی کی، لاہور ہائیکورٹ کو بھی وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کی پیروی میں عدالتی تعطیل ختم نہیں کرنی چاہیے تھی، لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن نے عدالتی ہڑتال کا ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، صدر ہائیکورٹ بار پیرمسعود چشتی اور سیکرٹری بیرسٹر احمد قیوم کاکہنا ہے کہ ہائیکورٹ بار نو نومبر کو عدالتوں کا بائیکاٹ نہیں کریگی، وکلاءہائیکورٹ میں پیش ہونگے، اقبال ڈے پر عدالتی بائیکاٹ کی منطق نہیں سمجھ نہیں آتی۔