اسلام آباد(نیوزڈیسک ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں مستقل امن و امان کے لئے پاکستان اور چین کے مفادات مشترکہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں چین کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان ڈینگ ڑی جن نے طارق فاطمی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور نے ڈینک ڑی کو افغانستان کا خصوصی مشیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی جب کہ دونوں رہنماو¿ں کے درمیان افغانستان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ خطے کے امن و استحکام کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے جب کہ افغانستان کی ترقی کے لئے چین کی کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل میں سہولت فراہم کررہا ہے۔ دوسری جانب ڈینگ ڑی جن نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا، چینی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔