اسلام آباد(نیوزڈیسک) ریحام خان نے کہا ہے کہ میں پاکستان عمران خان کیلئے نہیں کام کرنے آئی تھی، کسی بھی قسم کے مالی سمجھوتے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ریحام خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور عمران کے درمیان کوئی معاملات طے نہیں ہوئے، نہ پیسے کیلئے شادی کی اور نہ ہی طلاق پیسوں کیلئے لوں گی۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ تاحال کسی پبلشر نے کتاب کے لئے مجھ سے رابطہ نہیں کیا، آئی آر کے کے تحت فلمیں بنائوں گی یہ کام موخر نہیں کروں گی اور میری فلم کی شوٹنگ کا آغاز جلد ہی ہوگا۔ریحام خان نے کہا کہ ذاتی زندگی میں جو کچھ بھی ہوا، اس کا اثر کام پر نہیں ہونے دونگی، میں پاکستان ہر صورت واپس آؤں گی۔ پاکستان میرا گھر ہے ، میری زندگی پاکستان میں ہے، میرے بچے بھی پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، میں اور میرے بچے پاکستان سے پیار کرتے ہیں۔