لاہور(نیوزڈیسک) تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے میں فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا۔ چیف آرگنائزر پی ٹی آئی چودھری سرور نے الیکشن کمشن کو خط لکھا ہے کہ حکمران جماعت دھاندلی کے تمام حربے استعمال کر رہی ہے۔ شفاف بلدیاتی الیکشن کا عمل فوج کی تعیناتی کے بغیر ممکن نہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ فیاض الحسن چوہان کو ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ عمران فیاض الحسن کو این اے 56 کے آرگنائزر کے عہدے سے الگ کرنے کی ہدایت کر چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف میں اعلیٰ سطح پر یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ اگر بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے دوران فوج کو ذمہ داریاں نہ سونپی گئیں تو آخری اقدام کے طورپر تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کردے۔ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں بدترین کارکردگی کے بعد یہ ممکن ہے کہ تحریک انصاف انتہائی اقدام سے بھی گریز نہ کرے۔