ملتان(نیوز ڈیسک) ملتان میں بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کی بس کی ٹکر سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا ، حادثے کے بعد لواحقین اور اہل علاقہ نے بس کے شیشے توڑ دیئے جبکہ جائے حادثے سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے بس ڈرائیور کو شہری نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ملتان کے علاقے 8 نمبر چونگی پر بہاوالدین زکریا یونیورسٹی کی تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل پر سوار ٹبی شیر خان کے رہائشی 18 سالہ نوجوان عاقب کو کچل دیا جس کے بعد لواحقین اور اہل علاقہ مشتعل ہو گئے اور بس کے شیشیے توڑ دیئے۔ بس کے ڈرائیور نے موقع سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن مجید نامی شہری نے اس کی یہ کوشش ناکام بنا دی اور پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جس پر تھانہ گلگشت پولیس نے ڈرائیور نور محمد کیخلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے حوالات میں بند کر دیا۔ مشتعل مظاہرین نے دو گھنٹے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور یونیورسٹی بس کے روٹس میں تبدیلی کا بھی مطالبہ کیا۔ بس کی ٹکر سے جاں بحق ہونیوالا 18 سالہ عاقب میڈیسن کمپنی میں ملازم تھا اور 8 ماہ پہلے اس کی شادی ہوئی تھی۔