لاہور(نیوز ڈیسک) شہیدوں سے بے وفائی۔ تحریک انصاف نے پارٹی کیلئے جانیں دینے والوں کو سوائے تسلی کے کچھ نہ دیا۔ لواحقین غم و غصہ میں سیخ پا۔ میڈیا میں بڑھکیں‘ عملی قدم کچھ نہیں۔ تحریک انصاف جو ملک میں انصاف اور تبدیلی کے بلند و بانگ دعوے کرتی ہے۔ پارٹی کیلئے شہید ہونے والوں کیلئے کوئی امداد نہ کر سکی۔ این اے 122 اور حالیہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے دس کے قریب کارکن جاں بحق ہوئے۔ لاہور میں تحریک انصاف کے 4، فیصل آباد میں 2، قصور میں 2 اور پتوکی میں 2 کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھینٹ چڑھ گئے جبکہ این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں بھی غفار اور اکبر نامی دو تحریک انصاف کے کارکن جاں بحق ہوئے۔ ان ورکروں کے لواحقین کو سوائے طفل تسلیوں کے آج تک کچھ نہ دیا گیا جبکہ عمران خان، چودھری سرور سمیت دیگر رہنما اپنا فوٹو سیشن کروا کے اپنی ہی تشہیر کرتے رہے۔ لواحقین نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ جانوں کی قربانی دینے والوں سے وفا نہیں کرتے وہ ملک و قوم کی تقدیر کیسے سنوار سکتے ہیں۔ تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق ہر ضلع کی ضلعی قیادت اپنے طور پر ان شہدائ کے لئے کوششیں کر رہی ہے لیکن تحریک انصاف کی جانب سے شہداءکے لواحقین کیلئے قانونی اور مالی امداد نہیں دی گئی ہے۔