لاہور(نیوزڈیسک)احتساب عدالت نے حساس ادارے کا جعلی ریٹائرڈ افسر بن کر شہریوں سے فراڈ کرنے والے سعید خان مگسی کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا-نیب حکام کے مطابق ملزم شہریوں کو کاروبارمیں منافع کا لالچ دیکر انکو ساری کی زندگی کی جمع پونجی سے محروم کرتا تھا۔نیب نے شہریوں سے سکولوں کے کاروبار میں رقم لگاکر منافع کا لالچ دیکر لوٹنے والے ملزم سعید خان مگسی کو سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت میں پیش کیااورعدالت میں موقف اختیارکیا کہ ملزم سعید خان مگسی خود کو حساس ادارے کا ریٹائرڈآفیسرظاہر کرتا اور اخبارمیں اشتہاردیکر لوگوں کو کاروبارکی ترغیب دیتااوران سے رقم حاصل کرکے گارنٹی کے طور پر بوگس چیک دے دیتا۔ملزم ابتک شہریوں سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ چکا ہے۔متعددشکایات موصول ہونے پر ملزم سعیدخان مگسی کوگرفتارکیا گیا ۔ اس موقع پر عدالت سے استدعاکی گئی کہ ملزم سے تفتیش مکمل کرنے کیلئے چودہ دن جا جسمانی ریمانڈ دیاجائے ۔عدالت نے سعید خان مگسی کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کرتے ہوئے حکم دیا کہ اگلی تاریخ سماعت تک تفتیش مکمل کی جائے۔