اسلام آباد (نیوزڈیسک) ریحام خا ن نے کہاہے کہ پاکستان میں لوگ ترقی کرنا چاہتے ہیں خاص طور پر خواتین باصلاحیت ہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کر رہی ہیں، مشکلات کے باوجود فیلڈ میں آگے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی جذبے کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ میڈیا لوگوں کی رہنمائی کر رہا ہے ۔ اس موقع پر ریحام خان مکمل فارم میں پر اعتماد اور ہشاش بشاش نظر آئیں۔پریس کلب مانچسٹر یوکے کے تعاون سے انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس کے موقع عمران خا ن کی سابق اہلیہ ریحام خان کے علاوہ دیگرمعروف صحافیوں امجد اسلام امجد، مجیب الرحمٰن شامی، عطاء الحق قاسمی، مشتاق منہاس، غریدہ فاروقی، شازیہ، افضل بٹ، افضل ثاقب، وصی شاہ، پریس کلب مانچسٹر کے چیئرمین جاوید خان، ڈاکٹر امجد ثاقب، مبین رشید، سرور منیر راﺅ، سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر نعیم الحسن نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہاکہ میڈیا قوموں کی رہنمائی کرتا ہے، پاکستان میں میڈیا کی بڑی قربانیاں ہیں البتہ الیکٹرانک میڈیا کی پاکستان میں آزادی اظہار کی عمر بہت کم ہے اس لئے تیس فیصد سے زیادہ کم تعلیم یافتہ قوم کی رہنمائی میں بعض خامیاں بھی ہو جاتی ہوں گی تاہم پاکستان میں میڈیا بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ صحافیوں نے جانی مالی پریشانیاں اور نقصان بھی اٹھائے ہیں۔ 3نومبر پاکستان میں آزادی صحافت پر قدغن اور عوام کے حقوق غصب کرنے کا تاریخی دن ہے اس دن سابق آمر نے ایمرجنسی لگائی تھی۔ خواتین صحافیوں کے لئے معاشرتی مشکلات ہیں جس کے باوجود وہ فیلڈ میں تن دہی سے کام کر رہی ہیں۔ اس موقع پر میڈیا کا بہتر کارکردگی پر تعریفی اسناد سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے۔ اس موقع پر امجد اسلام امجد نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کی آزادی کو دس سال کا قلیل عرصہ ہوا ہے۔ اس میں وہ لوگوں کی بہت بہترین رہنمائی کر رہا ہے۔ اس موقع پر پریس کلب مانچسٹر کے بانی چیئرمین جاوید خان نے پاکستانی صحافی مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے صحافیوں میں باہمی تبادلہ خیالات سے سیکھنے کا موقع ملے گا اور پاکستان کو بیرون ملک باوقار ملک متعارف کرانے کا بھی کارہائے نمایاں ادا ہوگا۔