لاہور(نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے رواں ماہ بارشوں اور برف باری کے مزید 5 سلسلوں کی پیش گوئی کی ہے جس میں سے 3 ملک کے بالائی علاقوں اور 2 بلوچستان میں متوقع ہیں۔خیال رہے کہ اس وقت زلزلہ سے متاثرہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا ایک سلسلہ پہلے سے جاری ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کے دباو¿ کا موجودہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، فاٹا، شمالی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشوں اور برف باری کا سبب بن سکتا ہے۔ملک میں جاری موسمی رجحانات کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نومبر معمول کے مقابلے میں بہتر ہوگا جس کی وجہ مغرب کی جانب سے ہوا کے دباو¿ کا جنوبی علاقوں کی جانب منتقل ہونا ہے۔موجودہ بارشوں اور برف باری کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا اور اس کی وجہ سے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی متوقع ہے۔اس کے بعد رواں ماہ خیبر پختونخوا، شمالی پنجاب، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشوں اور برف باری کے 3 سلسلے متوقع ہیں جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے علاقوں میں 2 سلسلے متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں، جن میں خیبر پختونخوا کے ڈویڑنز مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر شامل ہیں جبکہ پنجاب کے ڈویڑنز، جن میں راولپنڈی، اسلام آباد، گجرانوالہ، سرگودھا اور کوہاٹ شامل ہیں، میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔