اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) قومی زرعی ریسرچ سینٹر کی زمین پر ہاوسنگ سوسائٹی بنانے پر از خود نوٹس کی سماعت۔ چیف جسٹس پاکستان انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ کیا یہ ریسرچ قومی مفاد نہیں صرف ہاوسنگ سکیم ہی قومی مفاد ہے۔ قومی مفاد کا ادارہ ختم کر کے یہاں ہاوسنگ سوسائٹی بنانے کا کیا جواز ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں رہائش کا مسئلہ ہے اس لئے ہاوسنگ سکیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ زمین کے استعمال کے لئے وزیراعظم کو سمری بھیجی ہے۔ سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ سی ڈی اے جواب پڑھ کر جواب الجواب تین ہفتوں میں جمع کرائے۔