لاہور(آن لائن) لاہور کے حلقے این اے 122 اور پی پی 147 کے ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور کے ساتھ لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران جماعت اسلامی کے رہنما میاں مقصود نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر تحفظات تھے لیکن اب بیشتر جگہوں اور یونین کونسلوں پر تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ این اے 122 کی یونین کونسلوں میں بھی ہمارے دوستوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے اور اب ہماری پوری توجہ بلدیاتی انتخابات پر ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ “ہم جماعت اسلامی کے مشکور ہیں کہ اس نے این اے 122 میں ہمارے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا، ہم بھی بلدیاتی انتخابات میں منصورہ میں جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کریں گے۔ان کا کہنا تھا حلقہ این اے 122 کا ضمنی انتخاب کسی ایک حلقے کا نہیں پورے پاکستان کا انتخاب ہے اور سچ کا ساتھ دینے پر وہ جماعت اسلامی کے مشکور ہیں۔چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے گزشتہ 30 سالوں میں عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا بلکہ مسائل بڑھے ہیں، کسی بھی محکمے میں رشوت کے بغیر کام نہیں ہوتا، لوگ تنگ ہیں اور نیا پاکستان چاہتے ہیں اس لیے یقین ہے کہ 11 اکتوبر کو عوام اور جماعت اسلامی کی حمایت سے ضمنی انتخاب جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ جس جمہویت میں مقامی حکومت نہ ہو وہ جمہوریت کہلا ہی نہیں سکتی، پاکستان وہ بدقسمت ملک ہے جہاں مقامی حکومت کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی، حکمران نچلی سطح پر اختیارات منتقل نہیں کرنا چاہتے لیکن پاکستان کی تاریخ میں خیبر پختونخوا وہ واحد صوبہ ہے جس میں ترقیاتی فنڈ کو نچلی سطح تک منتقل کردیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدتِ مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) اور جمیعت علمائے پاکستان (جے یو پی) نے بھی ضمنی الیکشن میں حمایت کا یقین دلایا ہے۔