راول پنڈی(نیوز ڈیسک)سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف بے نظیر بھٹو قتل کیس میں گواہ مارک سیگل کے بیان پر جرح کی تاریخ مقرر نہیں ہو سکی۔راول پنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج رائے محمد ایوب مارتھ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی تو پرویز مشرف سمیت دیگر ملزمان کے وکلاء عدالت میں موجود تھے تاہم ایف ا?ئی اے کے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر چودھری اظہر پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کی کہ وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے والے امریکی صحافی مارک سیگل آئندہ کب دستیاب ہوں گے تاکہ ان پر جرح کی تاریخ مقرر کی جا سکے۔وزارت خارجہ نے بتایاکہ ان کا مارک سیگل سے رابطہ نہیں ہو سکا لہذا رپورٹ جمع کرانے کے لیے کچھ مہلت دی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔