اسلام آباد (آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو بیرون ملک سے فنڈنگ کا انکشاف ہواہے اور اس حوا لے سے کہاگیا ہے کہ بھارتی او ر یہودی لابی بھی پی ٹی آئی کی مالی معاونت کررہی ہے۔ اس بات کا انکشاف تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی اپنی دستاویزات اور جیوش فنڈنگ ڈائریکٹری کی رپورٹ میں کیاگیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جیوش فنڈنگ ڈائریکٹری کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنے والے دیگر غیر ملکیوں میں امریکی نڑاد یہودی بیری سی شنیپس، بھارتی پنجاب کے رہائشی امریکی نڑاد اندر دو سانجھ بھی شامل ہیں جو اپنی لابنگ اور مفادات لئے امریکی سیاسی جماعتوں کو بھی فنڈنگ کرتے رہے ہیں اور انہوں نے پی ٹی آئی کو بھی فنڈنگ کی۔بعض ٹی وی چینلز نے بھی جیوش فنڈنگ ڈائریکٹری کی ویب سائیٹ کی رپورٹ کا عکس دکھایا۔ ان رپورٹس پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے۔ تحریک انصاف کے بانی رہنمااکبر ایس بابر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہاکہ ہم نے 14 نومبر2014 کو پارٹی کیخلاف ایک کیس دائر کیا جس میں تحریک انصاف میں فنڈز کے غیر قانونی اجراء کی نشاندہی کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ 2011ء میں پارٹی کی فنڈنگ کے حوالے سے ایک آڈٹ کرایا گیا تاہم ا سکی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی۔ اس کے بعد عمران خان سے غیر ملکیوں کی جانب سے پارٹی کو فنڈ کے نام پر دی گئی رقوم کے حوالے سے آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا گیا تاہم انہوں نے آڈٹ کرانے سے انکار کر دیا۔ اکبر ایس بابر نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں ہماری درخواست کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن اس کیس کی سماعت نہیں کر سکتا جس کو الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کا جو آڈٹ کرایا گیا اس میں ہمارے کیس کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں اور نہ ہی کوئی معلومات ہیں۔ پی ٹی آئی کے بانی رکن نے کہاکہ 6 مئی کو تحریک انصاف نے ایک بار پھر اس کیس میں اپنا وکیل تبدیل کرتے ہوئے انور منصور خان کو اپنا وکیل نامزد کر دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ 8 اکتوبر کو عمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف دائر ہماری درخواست کا فیصلہ ہونا ہے۔ امید ہے ججز فیصلہ میرٹ پر کریں گے۔ اکبر ایس بابر نے کہاکہ عمران خان نے ہماری طرف سے نشاندہی کے باوجود پارٹی میں ٹکٹوں کی خلاف میرٹ تقسیم کیخلاف کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد نے اسی موضوع پر پارٹی موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اس موضوع سے بالکل متفق ہوں اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ یہ تحقیقات تمام سیاسی جماعتوں ‘ ایم کیو ایم ‘ تحریک انصاف سمیت وہ جماعتیں جن کے لوگ پاکستان میں حکمرانی کر رہے ہیں جبکہ ان کے محلات دوبئی اور پلازے انگلینڈ میں تعمیر ہو رہے ہیں ان کی بھی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ اس پر مسلم لیگ(ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام جماعتوں کی غیر ملکی فنڈنگ پر نظر رکھے اسے روکے اوربحق سرکار ضبط کرے۔