لاہور(نیوزڈیسک)صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب نے 15روز میں میرے خط کا جواب نہ دیا تو قانونی کارروائی کا حق رکھتا ہوں ،این اے 122میں عوام وہی فیصلہ سنائیں گے جو عام انتخابات میں سنا چکے ہیں ۔ الحمرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ڈی جی نیب پنجاب نے آئینی اداروں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ۔اسی تناظر میں چیئرمین نیب کو خط ارسال کیا ۔ اگر 15روز میں میرے خط کا جواب نہ دیا گیا تو قانونی کارروائی کا حق رکھتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میرا دامن صاف ہے اور کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہو سکا ، کسی نوٹس یا تحقیقات کے بغیر ڈی جی نیب نے میڈیا میں اظہار کر کے میری کردار کشی کی ۔ انہوں نے این اے 122کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی عدالت میں جا رہے ہیں اور 11اکتوبر کو عوام وہی فیصلہ سنائیں گے جو انہوں نے عام انتخابات میں سنایا تھا ۔