اسلام آباد (نیوزڈیسک)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کو فوری طور پر منی سانحہ کے حقائق سامنے لانے چاہئیں، جتنی تاخیر ہوگی مسلم دنیا کی تشویش بڑھتی جائےگی , خارجہ پالیسی بالکل نہ ہونے کے برابر ہے, وزیر خارجہ کون ہے کچھ واضح نہیں۔ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ سانحہ منی جیسا واقعہ پہلی دفعہ نہیں ہوا وہاں مواصلات کا فقدان ہے ، اطلاعات کے مطابق اس دفعہ وہاں ائیرکنڈیشنڈ سسٹم بھی ٹھیک کام نہیں کر رہا تھاکوئی شک نہیں کہ حج میں پروٹوکول بھی بڑا مسئلہ بنتا ہے . پروٹوکول کی وجہ سے راستے روک دیئے جاتے ہیں جب کھولے جاتے ہیں تو لوگ جلدی میں ہوتے ہیں ۔ سعودی حکومت پر دباﺅ کیوں نہیں ڈالا جاتا یہ سوال نواز شریف سے پوچھا جائے۔خورشید شاہ نے کہا کہ خارجہ پالیسی بالکل نہ ہونے کے برابر ہے , وزیر خارجہ کون ہے کچھ واضح نہیں ،خطے میں پاکستان کی پوزیشن سامنے رکھتے ہوئے نئی پالیسی بنائی جائے۔کسانوں کو حکومتی پالیسی نے تباہ کر دیا ہے ، کسانوں کے مسائل حل نہ کئے تو ان کے ساتھ سڑکوں پر ہوں گے۔