اسلام آباد(نیوزڈیسک)سپریم کورٹ نے این آئی سی ایل سکینڈل کیس میں مسلم لیگ ق کے رہنماچوہدری مونس الٰہی کی نظر ثانی درخواست مسترد کر دی۔جسٹس امیر ہانی مسلم او ر جسٹس گلزار احمد پرمشتمل عدالت عظمی کے دو رکنی بینچ نےمونس الٰہی کی جانب سے این آئی سی ایل کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پرنظر ثانی کیلئے دائر درخواست کی سماعت کی۔ مونس الٰہی کے وکیل وسیم سجاد نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے ظفر قریشی کی رپورٹ کو درست قرار دیتے ہوئے نیب کو مونس الٰہی سے ریکوری کا حکم دیا تھا ایف آئی اے کی رپورٹ میں مونس الٰہی کو کلیر قرار دے دیا گیا تھا،،ظفر قریشی نے رپورٹ میں انگلینڈ میں جس بینک اکائونٹ کا ذکر کیا تھا وہ مونس الہی کا نہیں تھا عدالت کی آبزرویشن کے باعث معاملہ اب بھی نیب میں لٹکا ہوا ہے۔ عدالت نے فیصلے میں مونس الٰہی سے ریکوری کا کہا تھا اس پر نظر ثانی کی جائے ۔جسٹس امیر ہانی نے کہا کہ ایف آئی اے نے آپ کے موکل کو بچانے کی کوشش کی جس تفتیشی افسر نے آپ کے خلاف مواد جمع کیا تھا اسے معطل کر دیا گیا تھا ۔عدالت نے سماعت کے بعد مونس الٰہی کی درخواست کو مسترد کر دیا۔