اسلام آباد ، لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ(ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف جب بھی دل چاہے وہ پکوڑے کھانے کیلئے ان کے گھر آ جائیں۔ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور ان کے درمیان جب تعلقات بہت اچھے تھے تو وہ اکثر ہمیں بتائے بغیر ہمارے کچن کے ملازم کو خود ٹیلیفون کیا کرتے تھے اور چکن والے پکوڑے کھانے کی فرمائش کرتے تھے اور جونہی وہ گھر پہنچتے تھے تو میرے ملازم ان کے لیے چکن کے پکوڑے تیار کرچکے ہوتے تھے اور وزیراعظم یہ پکوڑے کھا کر بہت خوش ہوتے تھے لیکن اس وقت اس ماحول میں ان سے ملنے کی کوئی وجہ تو نہیں لیکن اگر ان کا دل پکوڑے کھانے کیلئے چاہے تو میرے گھرآسکتے ہیں۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ اس وقت (ن) لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے دائیں بائیں کھڑے لوگ ہماری ہی اکیڈمی سے تیارہوکرگئے ہیں، اپنی کتاب کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ کتاب تقریباً تیارہوچکی اور پرنٹنگ کے مراحل میں ہے، موجودہ ماحول میں100 فیصد سچ نہ بولا جا سکتا ہے اور نہ ہی لکھا جاسکتا ہے اس لیے میں نے اپنی کتاب میں 80 فیصد سچ لکھا ہے، کتاب جب مارکیٹ میں آئے گی تو اہم انکشافات منظر عام پر لائے جائیں گے۔