اسلام آباد(نیوزڈیسک)عوامی نمائندوں کے پاس اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے 48 گھنٹے رہ گئے ، یاددہانی خطوط کے باوجود خورشید شاہ ، عمران خان اور تین وزارئے اعلیٰ سمیت سات سو انچاس پارلیمنٹیرینز نے تاحال تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اراکین پارلیمنٹ کے لئے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کیلئے 30 ستمبر آخری تاریخ ہے ، اب تک 957 میں سے صرف 208 اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو موصول ہوئی ہیں۔وزیراعظم نواز شریف ، چئیرمین سینیٹ رضا ربانی ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پرویز رشید ، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک اور تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے والوں میں شامل ہیں۔عوامی نمائندوں کی اس حوالے سے عدم دلچسپی برقرار ہے ، تین وزرائے اعلیٰ سمیت کئی وزرائ، چئیرمین تحریک انصاف عمران خان اور اپوزیشن لیڈرز نے بھی تاحال اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔الیکشن کمیشن ارکان پارلیمنٹ کو 5 بار یاد دہانی کے خط بھی لکھ چکا ہے ، تفصیلات جمع نہ کرانے والے پارلیمنٹیرینز قانون سازی اور رائے شماری کے عمل میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں