اسلام آباد (آن لائن) سیاسی جماعتوں کی جانب سے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی وجہ سے سیاسی رہنمائوں نے اپنے حلقے کے ووٹرز سے باہمی رابطے بڑھا دیئے ہیں ۔ ارکان پارلیمنٹ نے عیدالاضحیٰ کے دوران اپنے اپنے حلقوں کی جامع مسجد میں نہ صرف نماز عید ادا کی بلکہ نہ چاہتے ہوئے بھی ووٹرز کو گلے لگا کر عید ملتے رہے ۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی ، تحریک انصاف ، مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں سے وابستہ سیاسی رہنمائوں نے اپنی اپنی لیڈر شپ کی ہدایت پر اپنے حلقے کی عوام سے تعلق اور ملاقاتوں کا سلسلہ بڑھا دیا ہے لنگر خانے کھل گئے ہیں جہاں لوگوں کو کھانے کھلائے جا رہے ہیں اور اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کے حق میں رام کرنے کی کوششیں کی جا ر ہی ہیں ۔