اسلام آباد (نیوزڈیسک) لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے اپنے بھائی عبدالرشید غازی کے دو بیٹوں کی گرفتاری سے متعلق میڈیا رپورٹس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ان سے کوئی اسلحہ اور فوجی وردی برآمد نہیں ہوئی تھی ، مولانا عبدالعزیز نے اتوار کو ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ غازی عبدالرشید کے دو بیٹے عید کیلئے اپنے آبائی گاﺅں جارہے تھے کہ ایک چیک پوسٹ پر انہیں روک لیا گیا اور ان سے ان کی لائسنس یافتہ پستول اور کیمو فلج وردی برآمد ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ فوجی وردی نہیں تھی اور بچے اس کو استعمال کرتے ہیں جو بازار میں عام مل جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ میڈیا نے غازی عبدالرشید کے دونوں بیٹوںکو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ یہ دونوں تخریب کاری کیلئے جارہے تھے ، انہوں نے کہا کہ ایک ٹی وی اینکر نے بھی کہا کہ ان دونوں کو گولی مار کر کے قتل کردینا چاہئے تھا ۔انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ غلط رپورٹنگ کی بجائے حقائق کا پتا چلایا جائے۔