نیو یارک (نیوزوڈیسک) پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے موثر تنظیم بنانے کیلئے تعمیری اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے ، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے گزشتہ روز یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کی حمایت نہیں کرتا اس سے نئے مسائل پیدا ہونگے، ہم چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ میں جمہوری انداز میں تعمیری اصلاحات کی جائیں اور اسے موثر ادارہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان کی تعداد میں اضافہ مسائل کا حل نہیں بلکہ ہمیں عالمی تنظیم کو موجودہ ماحول کے تقاضوں کے مطابق بنانا ہوگا اور اس کیلئے اصلاحات کی ضرورت ہے پاکستان ان اصلاحات کی مکمل حمایت کریگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اقوام متحدہ سے اپنے خطاب میں عالمی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالیں گے اور دنیا کو مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کی ضرورت سے آگاہ کرینگے۔