کراچی(نیوزڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ایم پی آر کالونی میں کارروائی کرکے کامرہ ایئربیس پر حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ جنید شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے ایم پی آر کالونی میں ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا جس میں 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں کامرہ ایئربیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ عمر حیات عرف معاویہ بھی شامل ہے۔ ایس ایس پی جنید شیخ کے مطابق ملزم کا تعلق افغانستان کی تنظیم تحریک امارات اسلامیہ سے ہے اور یہ کراچی کا امیر ہے جب کہ ملزم نے کامرہ ایئربیس پر دوبارہ حملے کے لیے 2 خودکش حملہ آور تیار کیے تاہم وہ ایئربیس پر سیکیورٹی کے باعث حملہ نہ کرسکے۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان نے کراچی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی دہشت گردی کی بڑی کارروائی کا منصوبہ بنا رکھا تھا جس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی جب کہ ملزمان کے قبضے سے 2 تیار خودکش جیکٹس، 2 بم اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزم کراچی میں 20 دہشت گردوں کے ساتھ اپنا نیٹ ورک چلا رہا تھا جب کہ ملزمان کی نشاندہی پر قصبہ، اورنگی ٹاؤن، کٹی پہاڑی اور منگھو پیر سمیت دیگر علاقوں ان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔