اسلام آباد(نیوزڈیسک)اعلیٰ عدلیہ کے خلاف توہین آمیز بینر لگانے پر توہین عدالت کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ سلمان اقبال کے وکیل نے عدالت میں معافی نامہ جمع کروادیا۔مبشرلقمان اور سلمان اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلمان اقبال کے وکیل نے کہا کہ عدالت میں معافی نامہ داخل کرادیا ہے، میرا موکل چیف ایگزیکٹو ہے اس کے لیے ممکن نہیں کہ ہر پروگرام دیکھ سکے، ہماری پالیسی نہیں کہ عدلیہ کے خلا ف پروگرام ہو، اس پروگرام کے بعد کوئی پروگرام نہیں کیا۔جسٹس اعجاز چوہدری نے کہا کہ معافی قبول کرنا یا نہ کرنا عدالت کا اختیار ہے، درخواست گذار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اے آئی آر وائی پر تسلسل سے عدلیہ مخالف پروگرام کیے گئے، عدالت نے حکم دیا کہ عدلیہ مخالف پروگراموں کا ریکارڈ بمعہ ٹرانسکرپشن جمع کرایا جائے، آئندہ سماعت 13اکتوبر کو ہوگی۔