لاہور (نیوزڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے ٹرانسفارموں کی خریداری میں اربوں روپے کے گھپلوں میں ملوث این ٹی ڈی سی ایل کے سابق چیف انجینئر عنایت حسین کی جیل سے ہسپتال منتقلی کی درخواست پر نیب سے 18ستمبر تک جواب طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس محمود مقبول باوجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار ملزم عنایت حسین کی اہلیہ کے وکیل کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے ملزم کو دستاویزات پر دستخط کرنے کے بہانے سے دفتر بلایا اور گرفتار کر لیا، ملزم کیخلاف نیب میں ٹرانسفارموں کی خریداری میں 13ارب روپے کرپشن کا سکینڈل کا ریفرنس زیر التواءہے جس میں ٹرائل کورٹ نے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے، ملزم شوگر، بلڈپریشر اور دل کے عارضے میں مبتلا ہے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کی جیل سے ہسپتال منتقلی کے احکامات صادر کیے جائیں ۔فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد نیب کے وکیل کو ہدایت کی کہ ملزم کا میڈیکل کروا کر رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے ۔جس کے بعد عدالت نے ملزم کی ہسپتال منتقلی کی درخواست پر بھی نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔